’’ فتنہ ہند، ٹی ٹی پی پاکستان کا ردعمل برائے امن، ترقی اور خوشحالی‘‘ مباحثہ
لاہور (اے پی پی) پی آئی ڈی لاہور کے زیر اہتمام’’ فتنہ ہند اور ٹی ٹی پی پاکستان کا ردعمل برائے امن، ترقی اور خوشحالی‘‘ کے موضوع پر بدھ کے روز پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔
پینل میں ممتاز تجزیہ نگار سلمان ملک،سلمان غنی، نور اللہ، مہدی ، عائشہ جامعی،مجیب الرحمن شامی، خالد قیوم، ڈاکٹر احمد بسرا اور قیصر شریف نے شرکت کی۔شرکا پینل نے ملک دشمن پراپیگنڈے اور دہشت گردی جیسے خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی حکمت عملی پر سیر حاصل گفتگو کی ۔ سلمان غنی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کو جنگ میں ناکوں چنے چبوانے کے بعد پاکستان عالمی سطح پر ایک نئی توانائی اور وحدت کے ساتھ ابھر کر سامنے آیا ہے ، دشمن سے محتاط رویہ اختیار کرنا ہوگا۔ پاکستان ایک مضبوط عسکری قوت کا حامل ملک ہے ،اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے آپ کو ایک معاشی قوت کے طور پر بھی ثابت کریں۔اختتامی کلمات میں سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی نے پاکستان کی مستقل مزاج اور موثر سفارت کاری کو سراہا اور کہا کہ استقامت ہی طویل مدتی کامیابی کی کنجی ہے ۔انہوں نے ملک میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے اس فتنہ کے خلاف متحدہ محاذ قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اختتام پر ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی لاہور شفقت عباس نے سینئر صحافی سلمان غنی کو\\\"ستارہ امتیاز\\\" کے اعزاز پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی صحافت کے میدان میں شاندار خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی۔