ایس ڈی پی آئی دولت مشترکہ سیکرٹریٹ میں بطور مبصر ادارہ تسلیم
اسلام آباد(نامہ نگار) ایس ڈی پی آئی نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور سنگِ میل عبور کر لیا ۔اسے باضابطہ طور پر دولت مشترکہ سیکرٹریٹ میں بطور مبصر ادارہ تسلیم کر لیا گیا۔ ایس ڈی پی آئی یہ اعزاز حاصل کرنے والا پاکستان کا پہلا ادارہ بن گیا ہے ۔
یہ اعزاز ایک اہم سٹرٹیجک مکالمے کے دوران حاصل ہوا، مکالمے میں دنیا بھر سے حال ہی میں تسلیم شدہ تنظیموں کے نمائندگان، پالیسی سازوں اور قائدین نے شرکت کی۔ تقریب کا افتتاح دولتِ مشترکہ کی سیکرٹری جنرل شِرلی آیورکور بوچوی نے کیا تھا ۔ ایس ڈی پی آئی کے سربراہ ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے دولتِ مشترکہ سیکرٹریٹ میں مبصر ادارے کے طور پر تسلیم کئے جانے کو ایک خواب کی تعبیر اور قومی وقار کا لمحہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی آئی کو یہ امتیازی حیثیت حاصل ہونا ادارے کی دہائیوں پر محیط تحقیقی میراث کا عالمی اعتراف ہے ۔