بارش، آر ڈبلیو ایم سی، کینٹ بورڈ، پی ڈی ایم اے ٹیمیں متحرک
راولپنڈی (نیوز رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اور گردونواح میں شدید بارش کے بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے مؤثر آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر نے شہر کا تفصیلی دورہ کیا اور گوالمنڈی پل کے مقام پر نالہ لئی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ فیلڈ ٹیموں کو تاکید کی کہ چوک ہونے والی نالیوں کو فوری طور پر کھولا جائے اور نشیبی علاقوں میں خصوصی توجہ دی جائے۔ گوالمنڈی، کٹاریاں، ڈھوک کھبہ اور دیگر حساس مقامات پر آر ڈبلیو ایم سی کی ٹیمیں مسلسل متحرک ہیں اور چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ واسا اور آر ڈبلیو ایم سی کے عملے سے تعاون کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ڈپٹی سی ای اوراولپنڈی کینٹ بورڈ ناصر کمال نے بارش کے باعث نالوں کا دورہ کیا اور تمام افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت کی۔ ادھر سیلابی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب کا ریسکیو و ریلیف آپریشن جمعرات کے روز جاری رہا۔ ایمرجنسی کے پیش نظر ریسکیو 1122کے پاس 16او بی ایم بوٹس، 205لائف جیکیٹس، 31ایمبولینس، 19فائر بریگیڈ اور 4ریسکیو وہیکل موجود ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے واسا کو 28ڈی واٹرنگ سیٹ، 5سکر مشین، 6جیٹر مشینز اور 6ٹریکٹر مہیا کیے گئے ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا رین ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے، نالہ لئی کے اطراف ہیلی کاپٹرز اور ریسکیو ٹیمیں تعینات ہیں۔