رانا تنویرحسین سے سوڈانی سفیر کی ملاقات ،زرعی شعبہ میں تعاون پر گفتگو
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے پاکستان میں سوڈان کے ۔۔
سفیرصالح محمد احمد محمد صدیق نے ملاقات کی جس میں زرعی شعبہ میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ رانا تنویر حسین نے کہا پاکستان کے تحقیقی اداروں اور فصلوں کی پیداوار، آبپاشی اور مویشیوں کی صحت سے متعلق تکنیکی مہارت سوڈان کی زرعی ترقی کی ضروریات کے لیے نہایت موزوں ہے ۔سوڈانی سفیر نے وزیر کو بتایا کہ سوڈان کی آبادی کا 98 فیصد سے زائد اسلام پر عمل پیرا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات اور باہمی اعتماد موجود ہے ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان انسانی اور ترقیاتی شعبوں میں پائیدار زرعی حل کے ذریعے تعاون کے لیے تیار ہے ۔وفاقی وزیر نے سوڈان کی تعلیمی تعاون میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد میں سوڈانی طلبا کے لیے نشستوں میں اضافے کی درخواست پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں گے ۔