وزیر منصوبہ بندی کی چینی کمپنی کو ریسرچ، ڈویلپمنٹ سنٹر کی تجویز
بیجنگ (دنیا رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے زونگ شِنگ ٹیلی کمیونیکیشن ایکوئپمنٹ کارپوریشن (زیڈ ٹی ای) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی کی مصنوعات کا مشاہدہ کیا۔
وزیر منصوبہ بندی نے زیڈ ٹی ای کی 40ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ احسن اقبال نے کہا چین کے سرکاری دورے میں زیڈ ٹی ای کے ساتھ تاریخی شراکت داری قائم کی گئی ہے جو پاکستانی نوجوانوں کو مستقبل کیلئے درکار ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے وسیع البنیاد، جامع اور ملک گیر تربیتی پروگرام کا آغاز کرے گی۔ زیڈ ٹی ای اپنا آٹھواں عالمی ٹریننگ سینٹر بھی پاکستان میں قائم کرے گی۔ سی پیک فیز ٹو کا مرکزی نکتہ ٹیکنالوجی کا تبادلہ، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور پائیدار ترقی ہے۔ انہوں نے زیڈ ٹی ای کو پاکستان میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سنٹر بنانے کی تجویز بھی دی۔