زون تھری میں زمین انتقال ،تعمیرات پر پابندی ،شہری پریشان
بہارہ کہو (شاکر ملک) اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کی نا اہلی کے باعث بہارہ کہو زون تھری میں زمین انتقال و تعمیرات پر پابندی سے عوام علاقہ شدید پریشان ہیں۔
گزشتہ دو سال سے غلط نشاندہی و نااہلی کی وجہ سے کوٹ ہتھیال، نئی آبادی ،چھتر اور کرلوٹ میں زمین کی ٹرانسفر پر پابندی ہے ، ان علاقوں میں بجلی و گیس میٹر کنکشن پر بھی پابندی عائد ہے ، زمین مالکان اور تعمیراتی کمپنیاں شدید مالی مسائل کاشکارہیں ۔ سابق چیئرمین ملک اشتیاق ،راجہ مصتنصر ،ملک قیاس ، حق نواز،وسیم نواز،راجہ عدیل،چوہدری شمریز و دیگر اہلیان علاقہ نے دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہماری ملکیتی زمینوں پر عائد پابندی سمجھ سے بالاتر ہے ، نیشنل پارک اور ہماری زمینوں کے درمیان تقریباً دس کلومیٹر کا فاصلہ ہے ۔انہوں نے وزیراعظم اورن لیگ اسلام آبادکی پارلیمانی قیادت سے مطالبہ کیاکہ ہماری زمینوں پر عائد پابندی کوفوری ختم کرنے کے اقدامات کیے جائیں اور ہمارے علاقوں کی حدور کو زون تھری سے الگ کیا جائے۔