اسلام آباد کو بیوروکریسی کا غلام بنا دیا گیا،نصراللہ رندھاوا
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہاہے کہ اسلام آباد کو بیوروکریسی کا غلام بنا دیا گیا ہے۔
بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس میں وفاق اور الیکشن کمیشن نے اپنا جواب جمع کرانا تھا، مگر جج کے چھٹی کی وجہ سے کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی یہ کیس فوری نوعیت کا تھا، عوام کوآج کی سماعت سے بڑی توقعات تھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کے سارے مسائل کی جڑ بلدیاتی انتخابات کا نہ ہونا ہے، اسلام آباد کو طویل عرصے سے جمہوری حق سے محروم کیا جا رہا ہے، پانچ سال سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے، چار بار بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کر کے انہیں ملتوی کیا گیا، غیر جماعتی انتخابات کا مقصد منتخب نمائندوں کی منڈی لگانا ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ بھی الیکشن کمیشن کو حکم دے کہ طے شدہ شیڈول کے مطابق الیکشن کرائے، 15فروری کے الیکشن کیلئے تمام جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔