ہائی سکیورٹی زون میں آنیوالوں کی چیکنگ سخت کرنیکی ہدایت
زیر استعمال گاڑی اور موٹر سائیکل کی جامع تلاشی لی جائے ،غفلت برداشت نہیں کرینگے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد پولیس وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے مصروف عمل ہے ، اس سلسلے میں ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع سفارت خانوں ،سفیروں کی رہائش گاہوں، اقوام متحدہ کے دفاتراور اہم سرکاری املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اسلام آباد پولیس کے افسران و اہلکار موثر انداز میں اپنے فرائض منصبی سر انجام دے رہے ہیں۔سینئر پولیس افسران نے ڈیوٹی پر تعینات افسران و اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہائی سکیورٹی زون میں واقع تمام سرکاری و نجی دفاتر اورسفارت خانوں کا تحفظ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
دوران ڈیوٹی کسی قسم کی غفلت و لاپرواہی نہ برتی جائے ۔ہائی سکیورٹی زون میں آنے والے لوگوں کے کوائف کا اندراج یقینی بنایا جائے اور ان کے زیر استعمال گاڑی اور موٹر سائیکل کی جامع تلاشی لی جائے ۔تمام سرکاری ملازمین اپنا محکمانہ کارڈ ہمراہ رکھیں،تلاشی اور کوائف کے اندراج کے عمل میں ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں۔اسلام آباد پولیس امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔