یومِ شہادتِ حضرت علیؑ آج منایا جائیگا ،فول پروف سکیورٹی انتظامات
مرکزی جلوس امام بارگاہ زینبیہ جی سکس سے برآمد ،امام بارگاہ اثناء عشریہ میں ختم ہوگا راولپنڈی میں حساس مقامات پر خصوصی نگرانی، 3ہزار سے زائداہلکار ڈیوٹی دینگے
اسلام آباد،راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے ،خصوصی رپورٹر،نیوز رپورٹر )یومِ شہادتِ حضرت علی علیہ السلام کے سلسلے میں مرکزی جلوس آج اسلام آباد میں برآمد ہوگا ،مرکزی جلوس امام بارگاہ زینبیہ جی سکس فور سے برآمد ہوگا،جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ اثناء عشریہ میں اختتام پذیر ہوگا،جلوس کے راستوں پر اسلام آباد پولیس کے اہلکاروں سمیت ملت جعفریہ کے رضا کار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ۔ادھر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوایزری جاری کر دی ہے ، پریس کلب انڈرپاس دس مارچ کو ٹریفک کے لئے بند رہے گا،شہری متبادل سپر مارکیٹ سے بجانب آبپارہ میلوڈی جانے والے حضرات ایمبیسی روڈ، سہروردی آبپارہ جاسکتے ہیں۔ پولی کلینک نئی اور پرانی ایمرجنسی کے سامنے کسی کو گاڑی پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔یومِ حضرت علی کرم اﷲ وجہہ الکریم کے موقع پر جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کے سلسلے میں راولپنڈی پولیس کی جانب سے سخت اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
مرکزی جلوس سمیت ضلع بھر میں سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور ٹریفک پولیس کے 3 ہزار سے زائد افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔دوسری جانب ادھر یومِ شہادتِ حضرت علیؑ کے موقع پر امن و امان اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کی صدارت میں ہوا۔ جس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آج جلوسوں اور مجالس کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔ سکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ انتظامات اور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ حساس مقامات پر خصوصی نگرانی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مکمل چیکنگ اور سرچ آپریشنز کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔