جون سے پنجاب کو پلاسٹک سے پاک کرنے کا منصوبہ

جون سے پنجاب کو پلاسٹک سے پاک کرنے کا منصوبہ

ضلعی ہیڈکوارٹرز کو مرحلہ وار سنگل یوز پلاسٹک سے پاک کیا جائیگا،ڈی جی تحفظ ماحولیات

راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ سنگل یوز پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کے حوالے سے واضح قوانین اور ریگولیشنز نافذ ہیں جن کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانے، سیلنگ اور دیگر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ ادارہ تحفظ ماحولیات، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کے ویژن کے مطابق صوبہ پنجاب کو پلاسٹک سے پاک بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں جون سے صوبہ بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز کو مرحلہ وار سنگل یوز پلاسٹک سے پاک کیا جائے گا جبکہ اس امر پر زور دیا گیا کہ راولپنڈی کو پہلا ضلعی ہیڈکوارٹر بنایا جائے جہاں سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کا مکمل خاتمہ یقینی ہو۔ ڈی جی نے کہا کہ ادارہ ہذا نے اس مقصد کیلئے مرحلہ وار حکمت عملی اپنائی ہے۔ تاکہ کاروباری سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سٹیک ہولڈرز اور صنعتکاروں کے تعاون سے 75مائیکرون سے زائد موٹائی کے ماحول دوست پلاسٹک بیگز مارکیٹ میں دستیاب ہیں اور ان کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں