غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو، نظامِ زندگی مفلوج
مختلف علاقوں میں پندرہ گھنٹوں تک بجلی غائب، گرمی میں شہری پریشانبل ادا کرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ جاری،شنوائی نہیں ہو رہی،شہری
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا۔شدید گرمی کے دوران طویل بجلی بندش نے نظامِ زندگی مفلوج کر کے رکھ دیا۔ شہریوں کے مطابق سورج سوا نیزے پر ہونے کے باوجود متعدد علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہ رہے ہیں جس کے باعث گھریلو، تجارتی اور صنعتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں لیاقت آباد، ایف بی ایریا، ایف سی ایریا اور نارتھ ناظم آباد میں کئی کئی گھنٹوں تک بجلی غائب رہتی ہے جبکہ ایسٹ کے گلشنِ اقبال اور گلستانِ جوہر میں بھی بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہے ،اسی طرح ڈسٹرکٹ ملیر کے کھوکھراپار، ملیر ٹنکی، سعود آباد اور جعفر طیار کے علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹوں سے تجاوز کر چکا جبکہ اسکیم 33 میں بھی 10 سے 12گھنٹوں کی طویل بندش معمول بن گئی ۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ کے گارڈن، رام سوامی اور لیاری کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ ان کے علاقوں میں بجلی کی عدم دستیابی کا دورانیہ 15 گھنٹوں سے بھی بڑھ گیا ہے ۔ صدر کے علاقوں میں بھی طویل گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو صحیح کرنے میں کے ای کی ٹیمیں تاحال قاصر ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے کے باوجود اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سامنا کر رہے ہیں،کہیں سے بھی مؤثر شنوائی نہیں ہو رہی، جس کے باعث عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔