عالمی توانائی شعبہ2سال میں 75فیصد ڈیجیٹل ہونیکا امکان
پاور سیکٹرسائبر حملوںمیں 1ملین ڈالرنقصان اٹھا چکا ، کیسپرسکی کی رپورٹکمپنی خطرات سے نمٹنے کیلئے سائبر سکیورٹی نظام مضبوط بنا رہی ،ڈائریکٹر آئیسکو
اسلام آباد (نامہ نگار )کیسپرسکی اور وی ڈی سی ریسرچ کی مشترکہ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں توانائی کے شعبے کے 5فیصد سے بھی کم ادارے مکمل طور پر ڈیجیٹل ہیں تاہم آئندہ دو برسوں میں یہ شرح تیزی سے بڑھ کر تقریباً 75 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے ۔ تحقیق کے مطابق توانائی کے شعبے کی نصف سے زائد تنظیمیں ایسے سائبر حملوں کا شکار ہو چکی ہیں جن سے انہیں ایک ملین ڈالر سے زیادہ کا نقصان ہوا۔ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ڈائریکٹر عاصم نذیر راجہ نے کہا کہ یہ شعبہ ایک تیز رفتار اور ناگزیر تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے جس میں ڈیجیٹلائزیشن مرکزی کردار ادا کر رہی ہے ۔ ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر کے نفاذ، موبائل ایپلی کیشنز کے انضمام اور دیگر اصلاحات کے ذریعے شفافیت، آپریشنل کارکردگی اور صارفین کے تجربے میں نمایاں بہتری آ رہی ہے ۔ آئیسکو میں بدلتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے سائبر سکیورٹی کے نظام کو مضبوط بنانے پر مسلسل سرمایہ کاری کی جا رہی ہے ۔ کیسپرسکی کے مطابق 45 فیصد سے زائد اداروں نے صنعتی سائبر سکیورٹی کے ماہرین کی کمی کو سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا ہے ، اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ توانائی کے شعبے کے رہنما سائبر سکیورٹی کے لیے نئی حکمت عملی اپنائیں جس میں او ٹی نظام کو بنیادی اہمیت دی جائے ۔