ڈھڈیال، لاپتہ نوجوان قتل، نعش ڈیم سے برآمد

 ڈھڈیال، لاپتہ نوجوان قتل، نعش ڈیم سے برآمد

ظفر علی کی 27اپریل کو گمشدگی کی رپورٹ کی گئی تھی،نعش ورثا کے حوالے

ڈھڈیال (نمائندہ دنیا) تھانہ ڈھڈیال کی حدود سے لاپتہ نوجوان کو قتل کرکے نعش کو فم کسر کے قریب ڈیم میں پھینک دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق 34سالہ مقتول ظفر علی جو ضلع بونیر (خیبرپختونخوا) کا رہائشی تھا، گزشتہ چند سالوں سے بسلسلہ روزگار گندم کی کٹائی کے موقع پر اپنے دیگر ساتھیوں کی ٹیم کے ہمراہ ٹریکٹر اور تھریشر کے ساتھ ڈھڈیال اور اس کے ملحقہ دیہات میں کام کرتا تھا، ان دنوں چک بیلی روڈ پر رفیق ہوٹل پر ان کا قیام تھا۔ وقوعہ کی شب وہ اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ کھانا کھا رہا تھا جب اسے پنجابی لہجہ میں بات کرنے والے شخص کی کال آئی جسے سننے کے بعد وہ وہاں سے اپنے ٹریکٹر اور تھریشر مشین لیکر چلا گیا۔ واپس نہ آنے پر اس کے ساتھیوں کو تشویش لاحق ہوئی، رابطہ کرنے پر اس کا موبائل فون بند ملا جس کے بعد 27اپریل کو تھانہ میں اس کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرائی گئی، گزشتہ روز اطلاع پر ریسکیو اہلکاروں نے نعش نکالی تو شناخت ظفر علی کے نام سے ہوئی، نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں