مری مال روڈ پر مسماری آ پریشن 30 جون تک مکمل کر نیکا فیصلہ
دکانداروں ،ہوٹل مالکان کو 20جون تک بلڈنگز خالی کرنے کی آخری مہلت 20جون شام 6بجے ڈیمولیشن آپریشن شروع کر دیا جائیگا ، انتظامیہ کا انتباہ
مری(نمائندہ دنیا)مری مال روڈ پر ڈیمولیشن آپریشن تیز کرنیکا فیصلہ ، دکانداروں اور ہوٹل مالکان کو 20 جون تک آخری مہلت دے دی گئی ۔ڈی سی مری کی ہدایت پر مال روڈ پر جاری ڈیمولیشن آپریشن کو 30 جون تک مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ، اسسٹنٹ کمشنر مری نے دکانداروں اور ہوٹل مالکان کو اپنی املاک خالی کرنے کے لیے 20 جون شام 6 بجے تک کی حتمی مہلت دے دی ہے ۔ انتظامیہ کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے مال روڈ پر 20 کنال اراضی ایکوائر کی گئی تھی جس کے تحت متعدد چھوٹے اور بڑے ہوٹلوں سمیت دیگر عمارتوں کو پہلے ہی مسمار کیا جا چکا ہے جبکہ مال روڈ پر واقع باقی ہوٹلوں اور دکانوں کے مالکان کو اپنی املاک خالی کرنے کے لیے آخری موقع فراہم کیا گیا ہے ، مقررہ وقت ختم ہونے کے فوری بعد 20 جون شام 6 بجے بھاری مشینوں کی مدد سے باقاعدہ آپریشن شروع کر دیا جائے گا ،اس سلسلہ میں مزید توسیع نہیں دی جائے گی ، مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل اپنی دکانیں، ہوٹل خالی اور سامان مکمل طور پر منتقل کر لیں ۔