راولپنڈی ،عاشور کے موقع پر ٹریفک ،سکیورٹی کا پلان جاری
ٹریفک پولیس کے 1100سے زائد افسران اور جوان مختلف مقامات پر تعینات کیے جائینگے
راولپنڈی (اے پی پی) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم نے یوم عاشور کے موقع پر شہر بھر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کو مثر بنانے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے ۔ اس سلسلے میں راولپنڈی ٹریفک پولیس کے 1100 سے زائد افسران اور جوان مختلف مقامات پر تعینات کیے جائیں گے تاکہ عزاداری جلوسوں اور مجالس کے دوران شہریوں کو بہترین ٹریفک سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم کے مطابق یوم عاشور کے روز کمیٹی چوک سے اقبال روڈ تک ہر قسم کی ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند رہے گا جبکہ ڈی اے وی کالج چوک پر ڈائیورشن کے باعث کالج روڈ اور فوارہ چوک کی جانب بھی ٹریفک کا داخلہ محدود رہے گا۔ اسی طرح سٹی صدر روڈ پر مشرق ہوٹل ڈائیورشن کے باعث گاڑیوں کو صدر اور موہن پورہ کی جانب موڑا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سینما چوک پر ڈائیورشن کے باعث کشمیری بازار کی طرف ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا جبکہ شاہ اﷲ دتہ روڈ پر بھی متبادل راستوں کے ذریعے ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے گی۔ بنی چوک پر مکمل ڈائیورشن نافذ ہو گی اور ٹریفک کو سرکلر روڈ اور کوہاٹی بازار کے راستے گزارا جائے گا۔ ہملٹن چوک اور بانسوالا چوک پر بھی مکمل ٹریفک ڈائیورشن نافذ رہے گی۔ سی ٹی او راولپنڈی کے مطابق پیر چوہا چوک پر ڈائیورشن لگا کر قدیمی امام بارگاہ بلتستانیہ کی جانب ٹریفک کا داخلہ بند رکھا جائے گا جبکہ سیٹلائٹ ٹان میں امام بارگاہ یادگار حسینی کے جلوس کے موقع پر دونوں اطراف سے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔