آر ڈی اے، نئے مالی سال کیلئے 8,760 ملین روپے کا بجٹ منظور
ترقیاتی اخراجات کے تخمینوں کی منظوری،حتمی توثیق کے لیے حکومت پنجاب کو ارسال
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے مالی سال 2026-27 کے لیے 8,760 ملین روپے کا سالانہ بجٹ حتمی شکل دے دی ہے ۔ کمشنر راولپنڈی و ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے سلمان غنی کی زیر صدارت فنانس سب کمیٹی نے بجٹ کا جائزہ لیتے ہوئے ترقیاتی اخراجات کے تخمینوں کی منظوری دی اور حتمی توثیق کے لیے حکومت پنجاب کو بھجوا دیئے ۔ فنانس سب کمیٹی میں محکمہ خزانہ، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (P&D) اور محکمہ ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (HUD&PHE) کے نمائندگان شامل ہیں۔
اجلاس میں آر ڈی اے کے مالیاتی منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اسے صوبائی حکومت کی ترقیاتی ترجیحات اور شہری ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ کرنے کو یقینی بنایا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تقریباً 3,917 ملین روپے جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جن کا مقصد راولپنڈی میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور شہری ترقی کو فروغ دینا ہے ۔ اہم منصوبوں میں راولپنڈی رنگ روڈ R-3 منصوبہ شامل ہے ، جس کے تحت با نٹھ (N-5) سے ٹھلیاں (M-2) تک 38.3 کلومیٹر طویل مین کیرج وے کی تعمیر شامل ہے ۔ اس کے علاوہ نالہ لئی منصوبے کے تحت نالہ لئی کوریڈور (N-5) کے ساتھ ٹرنک/آؤٹ فال سیور کے فزیبلٹی سٹڈی اور تفصیلی ڈیزائن، جبکہ راولپنڈی رنگ روڈ فیز-II کے تحت ٹھلیاں (M-2) سے جی ٹی روڈ (N-5) تک فزیبلٹی سٹڈی اور تفصیلی ڈیزائن شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments