قربانی کے جانوروں کیلئے سجاوٹی سامان کے اسٹالز لگنا شروع

قربانی کے جانوروں کیلئے سجاوٹی سامان کے اسٹالز لگنا شروع

مختلف شوخ رنگوں کے مہروں کا استعمال بھی بڑھ گیا ، قیمت 1500روپے تک ہےجانوروں کو منفرد بنانے کے لئے ان پر مہندی لگانے کا بھی رجحان بڑھ رہا ہے ، رپورٹ

کراچی (این این آئی) عید الاضحی قریب آتے ہی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کی رونق بڑھ گئی ہے اور ایک سے ایک بڑھ کر ایک خوبصورت، دراز قد اور اعلیٰ نسل کے جانور فروخت کیلئے لائے گئے ہیں۔ قربانی کے جانوروں کو خوبصورت بنانے کیلئے سجاوٹی سامان کے اسٹالز بھی مویشی منڈیوں میں لگنا شروع ہوگئے ہیں۔اس کے علاوہ بکروں، بیلوں اور اونٹوں کے آرائشی سامان کی دکانیں بھی سج گئی ہیں۔ منچلے نوجوان اپنے پسندیدہ جانور کے لیے خوبصورت مہرے ، گلے کے ہار، رنگین دوپٹے، تاج اور پائل خرید رہے ہیں تاکہ قربانی کے جانور مزید خوبصورت نظر آئیں۔خریداروں نے اس ضمن میں بتایاکہ جانور لیا ہے تو اس کی خوبصورتی بھی ضروری ہے ، اس لیے یہ سب خرید کر انہیں سجانے اور سنوارنے کا بندوبست کر رہے ہیں۔ آرائشی سامان میں سب سے زیادہ پائل فروخت ہوتی ہے جس کی مخصوص آواز سے جانور کے آنے کا پتا چلتا ہے ۔ جانوروں کی سجاوٹ میں مختلف شوخ رنگوں کے مہروں کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے جن کی قیمت 1000 سے 1500 روپے ہے ۔علاوہ ازیں بکراگانی، بیل گانی، گائے گانی، مختلف اسٹائلز کی جھانجھریں، مورک، مورک بکرا، تلکہ، تکبارہ اور قلعے ہر دکان پر دستیاب ہیں جن کی قیمتیں ان کی ورائٹی اور کوالٹی دیکھ کر لگائی جاتی ہیں۔ قربانی کے جانوروں کو منفرد بنانے کے لئے ان پر مہندی لگانے کا بھی رجحان بڑھ رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں