فلمی صنعت کودرپیش مسائل پرکام کرناہوگا،سینیٹرفیصل جاوید

فلمی صنعت کودرپیش مسائل پرکام کرناہوگا،سینیٹرفیصل جاوید

پاکستان فلم انڈسٹری کی بقاکیلئے ہمیں ایک ہزار سینماگھروں کی ضرورت ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سہ روزہ پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2021 ویمن ایڈیشن کا آغاز ہوگیا ۔ فیسٹیول کا آغاز خصوصی پینل ڈسکشن بعنوان ہماری فلموں کو بین الاقوامی سطح پر بڑھنے سے کیا روک رہا ہے سے ہوا۔ سیمینار میں چیئرمین سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر فیصل جاوید خان کے علاوہ کے ایف ایس کے بانی ممبران اور میڈیا برادری نے بھی شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز فیسٹیول کی ڈائریکٹر مصباح خالد نے کیا ۔ اس موقع پر سلطانہ صدیقی نے کراچی فلم سوسائٹی اور پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے بنیادی مقاصد کو بیان کیا اورفلم انڈسٹری کے فروغ کے لئے نوجوانوں کو اس صنعت کی طرف راغب کرنے اور ان میں تکنیکی صلاحیتیں منتقل کرنے پر زور دیا ۔ بعد ازاں پینل ڈسکشن کا باقاعدہ آغاز ہوا ۔ اس موقع پر سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر فلموں کی پذیرائی پر بحث کرنے سے پہلے ہمیں ملکی سطح پر فلمی صنعت کو درپیش مسائل پر کام کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی بقا کے لئے اس وقت ہمیں کم از کم ایک ہزار سنیما گھروں جبکہ سالانہ سو فلموں کی شدید ضرورت ہے ۔ حکومتی تعاون سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل جاوید خان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے فلمی صنعت سے وابستہ ایک پالیسی تشکیل دینے کی ہدایات دی ہیں جس کا باضابطہ اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں