ظالم شوہرسے تنگ خاتون کی بچیوں سمیت خودکشی کی کوشش

ظالم شوہرسے تنگ خاتون کی بچیوں سمیت خودکشی کی کوشش

لوگوں نے بچالیا،پنگریو کے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کی تحفظ کی اپیل

پڈعیدن ،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) پڈعیدن کے نواحی علاقے بھریاروڈ تھانے کے قریب رہائشی خاتون سدرہ جٹ نے اپنی دو بچیوں پانچ سالہ نور اور سات سالہ مناہل کے ہمراہ بھریاروڈ ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کے نیچے آکر خودکشی کی کوشش کی جنہیں وہاں موجود لوگوں نے بچالیا ،اس موقع پر سدرہ جٹ نے روتے ہوئے بتایا کہ سات سال قبل میرا شوہر فوت ہوگیا تھا اس کے بعد میں نے بھریاروڈ کے رہائشی زاہد فاروق جٹ سے شادی کرلی جوکچھ عرصے سے مجھے گھر چلانے کے لئے خرچ نہیں دے رہا جس کے باعث ہم ماں بیٹیاں فاقہ کشی پر مجبور ہوگئیں اور ہم نے یہ انتہائی قدم اٹھایا ۔ پنگریو کے نواحی شہر ملکانی شریف کے رہائشی شادی شدہ جوڑے نے ایس ایس پی بدین اور دیگر حکام سے تحفظ کی اپیل کرتے ہوئے خاتون تبسم نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے اپنی پسند سے عمردراز نامی شخص سے نکاح کیا جس پراس کے رشتے دار ہماری جان کے دشمن بن گئے اور ہمیں نقصان پہنچانے کے لئے ڈھونڈتے پھر رہے ہیں۔اگر مجھے ،میرے شوہریا اس کے گھر والوں کو کوئی نقصان ہوا تو اس کے ذمے دار حاجی علی بخش لغاری ، غلام نبی لغاری اور دیگر ہونگے ،مذکورہ افراد کے خلاف کارروائی کرکے ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں