اب زمینوں پر قبضے نہیں ہوں گے،مولا جٹ بن کر دکھائوں گا،گورنر

اب  زمینوں  پر  قبضے  نہیں  ہوں  گے،مولا  جٹ  بن  کر  دکھائوں  گا،گورنر

کراچی (بزنس رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی اور شہر کے عوام کی بہتری کیلئے کے الیکٹرک سمیت کچھ لوگوں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا ۔

حقیقت یہی ہے کہ کے الیکٹرک کو اب سدھرنا ہوگا، کے الیکٹرک لائسنس کی تجدید میں سب سے بڑی رکاوٹ میں بنوں گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) میں تاجروں سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر تاجررہنما ایس ایم منیر، سابق سینیٹر عبدالحسیب خان، صدر کاٹی فراز الرحمان، زبیرچھایا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ گورنر نے مزید کہا کہ میری کوشش ہو گی جو کے الیکٹرک کو روک سکتے ہیں ان سے اب بات کی جائے گی، میں قبضہ مافیا سے کہتا ہوں وہ کراچی چھوڑ دیں، اب زمینوں پر قبضے نہیں ہونے دوں گا،اب صنعتی پلاٹوں اور دیگر علاقوں میں کوئی قبضہ نہیں کرے گا،کراچی رو رہاہے اورشہریوں کو بجلی کی فراہمی نہیں ہورہی، میں واٹر بورڈ کے معاملات کو جلد دیکھوں گا۔

ایم ڈی واٹر بور ڈ نیک انسان ہیں مگر ایکس ای این اور دیگر افسران سے بیٹھ کر بات کرنا ہوگی، بحیثیت گورنر بن کر مجھے مشکل لگ رہا تھا تاہم اب میں مولا جٹ بن کر یہ کام کروں گا،وقت آگیا ہے کہ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کام کریں اور آئی ایم ایف سے جان چھڑائیں۔ انہوں نے کہا کہ دو دن بعد وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار گورنر ہاؤس آ رہے ہیں، بزنس کمیونٹی کو درپیش تمام مسائل پر بات کروں گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو کاروباری طبقے کی بات سننی چاہیے، میں اسٹیٹ بینک اور بزنس کمیونٹی کے درمیان پل کا کردار ادا کروں گا اور تاجر برادری کے مسائل وفاق تک پہنچاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ روشنیوں کا شہر کھنڈرات اور مجرموں کا شہر بنتا جا رہا ہے، ہم سب کو مل کر احساس محرومی کو ختم کرنا ہے، میری اولین ترجیح میری بزنس کمیونٹی ہے۔

ہمیں ایک دوسرے پر تنقید کرنا چھوڑ نا ہوگا۔ سی پی ایل سی میں گورنر ہاؤس سے جاری خط سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک نیا خط انتظامیہ کو بھیجا ہے، جس میں تجویز دی گئی ہے کہ زبیر چھایا اچھی شہرت کے حامل ہیں، انہیں دوبارہ تعینات کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے خلاف بات نہیں ہونی چاہیے ۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ سے بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر ایس ایم محب العالم نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک بنگلہ دیش تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں