منظور احمد نے آخری سانس تک مزدوروں کیلئے جدوجہد کی،مقررین

منظور احمد نے آخری سانس تک مزدوروں کیلئے جدوجہد کی،مقررین

لاڑکانہ (بیورورپورٹ) ہائی ویز ایمپلائز یونین (سی بی اے )سندھ کے بانی مرحوم منظور احمد اہیر کی پہلی برسی کے موقع پر ہائی ویز آفس لاڑکانہ کے گراؤنڈ میں یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری غلام قادر اہیر کی زیر صدارت جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔۔۔

 جس میں وطن دوست لیبر ایمپلائز فیڈریشن سندھ کے مرکزی صدر الطاف حسین ملغانی، یونین کے صوبائی صدر قربان علی سومرو، صوبائی چیئرمین محمد موریل پنہور سمیت ملازمین اور محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے غلام قادر اہیر، دلشاد علی چھجڑو، ایاز حسین اہیر، الطاف حسین سانگی، غلام رسول چھجڑو، اعجاز علی لاشاری، احسان علی چھجڑو، دیدار علی کوکر، غلام نبی لاشاری، امداد علی کھوسو، غلام حیدر سومرو اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ مرحوم منظور احمد اہیر ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے ، ان کی لازوال جدوجہد سے ہزاروں ورک چارج ملازمین کو مستقل ملازمتیں ملیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مرحوم منظور احمد اہیر مسلسل جدوجہد کے باعث کئی بار حکومتی انتقام کا نشانہ بنے ، انہیں متعدد مرتبہ نوکری سے برخاست اور معطل کیا گیا، اسی طرح ضیاء الحق کے مارشل لا کے دوران مزدور تحریک چلانے پر منظور احمد اہیر کو گرفتار کرکے کوڑے مارے اور قید کی سزا دی گئی لیکن وہ پھر بھی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوئے ، جس کی وجہ سے ملازمین انہیں ہمیشہ اپنا سمجھتے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ مرحوم منظور احمد اہیر واحد مزدور رہنما تھے جنہوں نے آخری دم تک سی بی اے یونین کی قیادت کی اور 1974 سے آخری سانس تک مرکزی جنرل سیکرٹری اور گروپ لیڈر رہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم منظور احمد اہیر ایسے رہنما تھے جنہوں نے سندھ کے لاتعداد مزدوروں کی مشکلات میں معاونت اور آسانی فراہم کی اور اسی وجہ سے سندھ کے ملازمین اور رہنما انہیں استادمانتے تھے ۔ جلسے میں سندھ ایری گیشن متحدہ فیڈریشن کے چیئرمین محمد اعظم منگنیجو، آل سندھ یونیورسٹیز ایمپلائز سندھ کے چیئرمین نور محمد ہلیو، آپکا فیملی پلاننگ سندھ کے صدر محمد پیرل دایو، پیپلز لیبر بیورو سندھ کے نائب صدر جاوید حسین منگی، انعام علی ابڑو، واپڈا اسکارپ ایمپلائز یونین کے صدر علی شیر سانگی ، پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کے صدر عبدالوحید عباسی اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے منظور احمد اہیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں