گلشن اقبال میں ماں بیٹے کو کچلنے والی گاڑی برآمد

 گلشن اقبال میں ماں بیٹے کو کچلنے والی گاڑی برآمد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عید الفطر سے دو روز قبل گلشن اقبال میں ماں اور اس کے 8 سالہ بچے کو روند کر فرار ہونے والی کار سابق ایس ایس پی اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی فاروق اعوان کے فارم ہاؤس سے مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق گلشن اقبال تھانے کی حدود بلاک 7 میں 8 اپریل کو کار نے ماں اور اس کے آٹھ سالہ بیٹے کو کچل دیا تھا ۔حادثے میں 38 سالہ نوریہ بی بی اور ان کا 8 سالہ بچہ سید یوسف آغا زخمی ہوگئے تھے ،8سالہ بچہ بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کار نمبر AX-695 کی شناخت ہوگئی تھی ۔ پولیس حکام کے مطابق فارم ہاؤس کے مالک فاروق اعوان چھاپے کی اطلاع پر پہنچ گئے اور پولیس کو بیان دیا کہ گاڑی ان کے علم میں لائے بغیر فارم ہاؤس پر کھڑی کی گئی تھی ،ان کے دوست زاہد اعوان کا جاپان میں گاڑیوں کی خرید و فروخت کا کام ہے جو جاپان میں ہی مقیم ہیں ، دوست جاپان سے گاڑیاں منگوا کر میرے فارم ہاؤس پر کھڑی کرتا ہے اور مذکورہ گاڑی ان کے دوست کی ملکیت ہے جو اس کا بیٹا فرقان چلاتا ہے ۔بعد ازاں پولیس نے زاہد اعوان کے گھر پر چھاپہ مارا ، تاہم گھر پر کوئی موجود نہیں تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی کا مالک زاہد اعوان سابق ایس ایس پی کا رشتے دار بھی ہے جسے بچانے کی کوشش کی جارہی ہے ،جبکہ حادثے میں زخمی خاتون کی حالت بھی تشویشناک ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں