سیوریج کے پانی کی ٹریٹمنٹ کا پلانٹ آپریشنل کردیا،میئر

سیوریج کے پانی کی ٹریٹمنٹ کا پلانٹ آپریشنل کردیا،میئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے حکومت سندھ نے پونے 13 ارب روپے کی لاگت سے دو نئی لائنیں ڈالنے کی منظوری دی ہے جس کا کام ایک سال کے اندر مکمل کرلیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڑی پور روڈ پر واقع ٹریٹمنٹ پلانٹ تھری کے دورے کے موقع پر کیا۔ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، چیف ایگزیکٹو واٹر کاپوریشن اسد اللہ خان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کے رواں سال کے بجٹ میں 125 ارب روپے کراچی کی مختلف ترقیاتی اسکیموں کے لئے اور 77 ارب روپے پانی و سیوریج کے انفرااسٹرکچر کو بہتر کرنے کے لئے مختص کئے گئے ہیں، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ٹی پی تھری پلانٹ کو آپریشنل کردیا گیا ہے اور 35 ملین گیلن پانی یومیہ ٹریٹ کرکے سمندر میں ڈالا جا رہا ہے ، یہ قدم سمندری آبی حیات کو محفوظ رکھنے کے لئے اٹھایا گیا ہے ، دنیا بھر میں پانی کو ری سائیکل کیا جاتا ہے اب کراچی میں بھی پانی کو ری سائیکل کرکے قابل استعمال بنایا جائے گا، کراچی پاکستان کا پہلا شہر ہوگا جہاں سیوریج کے پانی کو ٹریٹ کرکے استعمال میں لایا جاسکے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں