پانی کے ٹینک میں تین بچیوں کو ڈبو کرماں کی خودکشی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)لانڈھی بختاور گوٹھ میں گھر کے اندر مبینہ طور پر ماں نے اپنی تین بچیوں کو زیر زمین بنے پانی کے ٹینک میں دھکا دے کر خود بھی چھلانگ لگادی۔ایک بچی اپنی مدد آپ کے تحت جان بجانے میں کامیاب رہی،ماں اور دو بچیوں کی لاشوں کو ٹینک سے نکال لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لانڈھی بختاور گوٹھ میں مبینہ طور پر 35 سالہ ذہنی مریضہ شائلہ زوجہ علی نواز نے اپنی 6 سالہ بیٹی سمیرا، 3 سالہ روہاب اور 5 سالہ یسرا کو گھر کے اندر بنے پانی کے ٹینک میں دھکا دے کر خود بھی چھلانگ لگادی تاہم واقعے کے دوران 6 سالہ سمیرا اپنی مدد آپ کے تحت پانی کے ٹینک سے نکلنے میں کامیاب رہی جس نے گھر کا دروازہ کھول کر اہل محلہ کو مدد کیلئے بلایا جس پر اہل محلہ نے ٹینک میں گرنے والی 5 سالہ یسرا، 3 سالہ روہاب اور 35 سالہ شائلہ کی لاشوں کو اپنی مدد آپ کے تحت باہر نکال کر ریسکیو ادارے کی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا ۔ سمیرا کے مطابق اس کی والدہ نے تینوں بہنوں کو ٹینک کے اندر مچھلیاں دکھانے کا کہہ کر ڈھکن ہٹایا اور دھکا دے دیا ۔ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ متوفیہ ذہنی مریضہ اور اس سے قبل بھی خودکشی کی کوشش کرچکی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچیوں کا والد کباڑ کی دکان پر کام کرتا ہے ۔ واقعہ کے وقت گھر پر موجود نہیں تھا ۔