بجلی کی عدم فراہمی ، یوسف گوٹھ کے مکینوں کا حب ریور روڈ پر احتجاج
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)بلدیہ حب ریور روڈ پر یوسف گوٹھ کے مکینوں نے بجلی و پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا جس کے باعث کراچی اورحب کے درمیان رابطہ منقطع ہو گیا، مصروف شاہراہ پر بدترین ٹریفک جام کے سبب ہزاروں شہری پھنس گئے ، یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر بھی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز یوسف گوٹھ کے مکینوں کی بڑی تعداد نے بجلی اور پانی کی عدم دستیابی کے خلاف صبح آٹھ بجے کے لگ بھگ حب ریور روڈ کے دونوں ٹریک بند کردیے ۔ مظاہرین میں خواتین کی بڑی تعدادشامل تھی۔ مشتعل مظاہرین نے سڑک پر ٹائر بھی جلائے ۔مصروف شاہراہ کی بندش سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، کراچی اور حب کے درمیان ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی، حب جانے والی گاڑیوں کو سعید آباد کی طرف بھیجا جانے لگا۔ ناردرن بائی پاس پر جانے والی سڑک پر بھی ٹریفک جام ہوگیا۔