مغویوں کی بازیابی کیلئے بگٹی قبیلے کاانڈس ہائی وے پر دھرنا

 مغویوں کی بازیابی کیلئے بگٹی قبیلے کاانڈس ہائی وے پر دھرنا

کندھکوٹ(نمائندہ دنیا)پانچ روز قبل اغوا ہونے والے بگٹی قبیلے کے دو افراد کی بازیابی کیلئے قبیلے کے لوگوں نے غوثپور انڈس ہائی وے پر دھرنا دے دیا۔

دھرنے میں پارلیمانی سیکریٹری پٹرولیم ایم این اے میاں خان بگٹی نے قافلے کی صورت میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ کے قریب پانچ روز قبل جمال تھانہ کی حدود سے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے رہائشی اسداللہ بگٹی اور منظور بگٹی کو پانچ روز قبل ڈاکوؤں نے تنگوانی، غوثپور لنک روڈ سے اغوا کیا تھا ،مغویوں کی بازیابی کیلئے ان کے اہلخانہ اور بگٹی قبیلے نے دو روز سے انڈس ہائی وے پر دھرنا جاری رکھا۔پارلیمانی سیکریٹری پٹرولیم ایم این اے میاں خان بگٹی بڑے قافلے کی صورت میں دھرنے میں پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بگٹی قبیلے کے ساتھ سندھ میں بہت زیادتیاں ہو رہی ہیں ،سندھ میں بار بار بگٹی قبیلے کے لوگوں کو اغوا کرنا باعث تشویش ہے ،کچے کے ڈاکوؤں کو کہتا ہوں کہ وہ قانون ہاتھ میں نہ لیں ، یہاں کی انتظامیہ نااہل ہو چکی ہے ،جس کی ذمہ دار سندھ حکومت ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ڈاکوؤں کیخلاف فوجی آپریشن ہونا چاہیے جو ریاست کو چیلنج کرتا ہے اس کیخلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے ، بگٹی قبائل کے لوگ بدلہ لینا جانتے ہیں مگر ہم پُرامن احتجاج کر رہے ہیں ، ہمارا احتجاج مغویوں کی بازیابی تک جاری رہیگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں