اب کسی حکومت کے سامنے گڑگڑانے کاوقت نہیں،ایم کیوایم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے تحت بمقام مرکزی دفتر پاکستان ہاؤس میں نیکسٹ جنریشن کے عنوان سے نوجوانوں کے لئے مفت آن لائن کورسز کی افتتاحی تقریب کا شاندار انعقاد کیا گیا، تقریب میں ملک کے نوجوان لڑکے لڑکیوں کیلئے مفت آئی ٹی کورسز کا اجراء کر دیا گیا۔
شرکاء سے سینئر رہنماء و رُکن قومی اسمبلی سیّد مصطفیٰ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم سیاست برائے خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اُس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے نیک نیتی سے عمل پیرا بھی ہے ، ایم کیو ایم بلا رنگ نسل اور ڈومیسائل کی تفریق کے لوگوں کو خودمختار بنانے کی عملی جد و جہد کررہی ہے اب کسی حکومت کے آگے گڑگڑانے کا وقت نہیں ہے ، ایم کیو ایم نے مہنگے ترین کورسز کو مفت میں عوام الناس کے لئے مہیا کر دیا ہے ایم کیو ایم کے اِس عملی اقدام نے کوٹہ سسٹم کو دفن کردیا ہے ، ایم کیو ایم اپنے نوجوانوں کو ہُنر مند بنا کر آگے بڑھتی دُنیا سے قدم سے قدم ملا کر نہیں بلکہ اُس سے ایک قدم آگے لانا چاہتی ہے ، تاریخ گواہ ہے کہ اِس شہر میں ترقی ہمیشہ ایم کیو ایم کے دور میں ہوئی ہے ، وطن عزیز کے نوجوان اپنی مثال آپ ہیں بس اُنھیں گمراہ کن نعروں اور مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر دُرست راستہ فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج کی تقریب ملک میں گیم چینجر ثابت ہوگی، نوجوان طبقے کو خودمختار کرنے کی جانب پہلی کوشش ہے شہر کے نوجوانوں کو اپنے محلے اور گھر کی دہلیز پر حلال روزگار کے مواقع مہیاء کرنا ایم کیو ایم پاکستان کا نصب العین ہے ۔