بڑھتی مضافاتی آبادیاں شہر کیلئے مشکلات کا باعث ،پاسبان

 بڑھتی مضافاتی آبادیاں شہر کیلئے مشکلات کا باعث ،پاسبان

کراچی (این این آئی)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ شہر کے پرانے علاقوں میں تیزی سے بڑھتی مضافاتی آبادیاں شہر کے لئے مشکلات کا باعث ہیں،نئے شہر کی سہولیات کا بوجھ پرانے شہر پر نہیں ڈالا جا سکتا۔

اپنے بیان میں انہو ں نے کہا کہ انفرا اسٹرکچر کی ترقی حکومت کی ذمہ داری ہے ،شہر میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے انتظامات کئے جائیں،بڑے پراجیکٹس کو اپنی بجلی پیدا کرنے کی اجازت دی جائے ،کچرے سے بجلی پیدا کرنے والے نئے شہروں کو ٹیکس میں چھوٹ دی جائے ،دنیا بھر میں سٹیلائٹ شہر ہوتے ہیں لیکن ان کیلئے نئے انتظامات کئے جاتے ہیں، میگا شہر جس تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے حکومت اس کے تناسب سے سہولتیں بڑھائے ۔الطاف شکور نے کہا کہ ایک منظم مضافاتی نظام کراچی کے مفاد میں ہے کیونکہ اس سے شہر کے نشیبی علاقوں پر دباؤ کم ہو گا اور کراچی کے شہری سکھ کی سانس لے سکیں گے ۔کراچی میں کے ڈی اے ، ایل ڈی اے اور ایم ڈی اے کو کرپٹ مافیاسے پاک کیا جائے ۔ اتھارٹیز کچھ نہ کرکے مفت تنخواہیں لینے کے بجائے ترقیاتی کام کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔ زیادہ تر محکمے سندھ کی سابقہ اتحادی حکمران جماعتوں کے سیاسی کارکنوں سے بھرے ہوئے ہیں اور وہ اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کرتے ۔ عوام کی سہولت کے لیے تمام عوامی خدمات کے محکموں میں چیک اینڈ بیلنس کا مضبوط نظام ہونا چاہیے ۔ کراچی کے ہاؤسنگ سیکشن کا خیال رکھا جائے۔ کئی دہائیوں سے حکومت نے شہریوں خصوصاً کم آمدنی والے خاندانوں کو کوئی بڑی ہاؤسنگ اسکیم نہیں دی۔ ایل ڈی اے کی ہاکس بے اسکیم 42 تقریباً دو دہائیاں گزرنے کے باوجود صرف کاغذوں تک ہی محدود ہے اور اس کے الاٹی اب مایوس ہوگئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں