شہر اپنے بدترین دور سے گزر رہا ہے ،منعم ظفرخان
کراچی (رپورٹ :محمد علی حفیظ ) کراچی میں رواں برس جنوری سے ستمبر تک 9ماہ کے دوران 55ہزار سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ہوئی ہیں تقریبا 104 افراد وہ ہیں جن کو اسٹریٹ کرمنلز نے اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا۔۔۔
کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے یہ شہر اپنے بدترین دور سے گزر رہا ہے اس وقت پیپلز پارٹی کو کراچی پر مسلط کردیا گیا ہے جو اس شہر کو اون نہیں کرتی۔یہ باتیں جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے ادارہ نور حق میں دنیا نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ امیر جماعت اسلامی کراچی کا مزید کہنا تھا کہ شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے ، جگہ جگہ گڑھوں سے کئی کئی گھنٹے ٹریفک جام رہتا ہے اس کے علاوہ ایک بڑا مسئلہ نوجوانوں کی بے روزگاری بھی ہے اسٹریٹ کرائم کے اعداد وشمار جان کر حیرت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے بنو قابل پروگرام کا مقصد شہر کے نوجوانوں کا ہاتھ تھامنا ہے ان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے ان کو ان کے والدین کا سہارا بنانا ہے 50ہزار نوجوان اس پروگرام سے گزر گئے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت بلدیاتی اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں کررہی ، شہر کے لوگ ان مسائل اور حالات سے نبردآزما ہیں لیکن عوام نے امید نہیں چھوڑی، جماعت اسلامی تمام مسائل پر آواز بلند کرتی رہے گی۔