پیپلزپارٹی کے عوامی نمائندے عوام کو حقوق دیں،خورشید شاہ
سکھر(بیورو رپورٹ)پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے چیئرمین سید خورشید احمد شاہ نے ٹی ایم سیIIIنثار احمد صدیقی کا دورہ کیا، ٹاؤن پہنچنے پر ٹاؤن چیئرمین طارق حسین چوہان و دیگر عملے نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر ٹاؤن وائس چیئرمین ذوالفقار علی کھوسہ سمیت غوث بخش شیخ، امید علی کھوسو، امتیاز علی ملک، احسان علی لاشاری، دلشاد سولنگی ٹائون کے افسران اور عملہ موجود تھا۔ دورے کے دوران انہوں نے ٹاؤن کے مختلف ڈپارٹمنٹ سمیت ٹاؤن آفس کے ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا اور چیئرمین طارق حسین چوہان ، ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں عوامی خدمت جاری رکھنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ پی پی کے منتخب نمائندگان اپنے شہید قائدین کے وژن کے مطابق عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں اور عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں ، کوشش ہونی چاہیے کہ عوام کو انکے جائز بنیادی و بلدیاتی حقوق انکی دہلیز پر پہنچائیں ، تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے ٹاؤن چیئرمین کو ہدایات دیں کہ وہ عوام کی بے لوث و بلاتفریق خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں۔