بلدیہ عظمیٰ کی مارکیٹوں کو سولرسسٹم پر منتقل کرنے کا فیصلہ
کراچی(آن لائن)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمی کی مارکیٹوں کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائیگا۔۔
سب سے پہلے ایم اے جناح روڈ پر واقع بہادر شاہ ظفر مارکیٹ سے اس کا آغاز ہوگا اور بتدریج کے ایم سی کے زیر انتظام دیگر مارکیٹوں کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائینگے ، ساتھ ہی ان مارکیٹوں کی ظاہری اور اندرونی حالت بھی درست کی جائے گی اور مارکیٹوں میں دکانوں اور دیگر معاملات سمیت چالان کے اجراء کے حوالے سے تمام تر ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے محکمہ اسٹیٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ محکمہ اسٹیٹ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت موجودہ مالی سال کے دوران ریونیو وصولی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ کا جائزہ لیتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ 2024ء اور 2025 ء کے لئے محکمہ اسٹیٹ مقررہ ریونیو ٹارگٹ حاصل کرے ۔