ہمدرد فاؤنڈیشن کا مستحق طلبہ کیلئے ہنر مند کورس متعارف

 ہمدرد فاؤنڈیشن کا مستحق طلبہ کیلئے ہنر مند کورس متعارف

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے ضرورت مند اور مستحق طلبہ کو ہمدرد اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام کے نام سے چار ماہ کی مدت کا ہنر مندی کورس متعارف کروایا ہے ۔۔

جو برلٹس انسٹیٹیوٹ میں سکھایا جائے گا۔اس پروگرام کے تحت ہنرمندی کے کورس کے ساتھ انڈسٹری پارٹنرزکی حمایت سے طلبہ کے باعزت روزگار کا بھی انتظام کیا جائے گا۔پروگرام کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز برلٹس انسٹیٹیوٹ میں منعقد ہوئی جس میں ہمدردفاؤنڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد نے بطور مہمان خصوصی شرکت فرمائی۔ تقریب میں ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر سید محمد ارسلان ، برلٹس انسٹیٹیوٹ کے کنٹری منیجر ندیم حق اور پروگرام میں داخل ہونے والے پہلے بیج کے 70طلبہ بھی شریک ہوئے ۔ سعدیہ راشد نے داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد پیش کی اور کہاکہ آج کے جدید زمانے میں نوجوانوں کا ہنر مند ہونا ملکی تعمیر و ترقی کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔ بانی ہمدرد پاکستان شہید حکیم محمد سعید پاکستانی نوجوانوں کو عصری تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے اپنے مشن پر پوری عمر کاربند رہے ۔اب ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان اُن کے اس مشن پر پوری طرح سے عمل پیرا ہے اور نوجوانوں کو تربیت یافتہ اور ہنر مند پروفیشنل بنانے میں کوشاں ہے ۔انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تعلیم پر یکسوئی سے توجہ دیں ، موبائل فون صرف ضرورت کے تحت استعمال کریں ، دیگر غیر صحت مندانہ سرگرمیوں سے دور رہتے ہوئے اپنی صحت کا خیال رکھیں اور وقت کی قدر کریں۔ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر سید محمد ارسلان نے کہاکہ اس پروگرام کے تحت ہمدرد فاؤنڈیشن تمام طلبہ کی فیس ادا کرے گا جبکہ برلٹس انسٹی ٹیوٹ طلبہ کومطلوبہ تربیت وہنر سے آراستہ کرے گا۔ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی یہ سہولت قرض حسنہ کے اسلامی ماڈل کومد نظر رکھ کر ترتیب دی گئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں