بجلی کی بندش کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے ،مسافرشدید پریشان

بجلی کی بندش کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے ،مسافرشدید پریشان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بجلی کی بندش کے خلاف بلوچ کالونی کے قریب مکینوں نے احتجاج کیا اورسڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا ۔

سڑک بند ہونے کے نتیجے میں بد ترین ٹریفک جام ہوگیا جبکہ گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی شنگریلا شادی ہال کے قریب بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اورسڑک پر نکل آئے ۔احتجاج کی وجہ سے بلوچ کالونی، شہید ملت روڈ پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا جس کی وجہ سے شارع فیصل ،کراچی ایڈمن سوسائٹی ،منظور کالونی محمود آباد ، کورنگی اور اطراف کے علاقوں میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے ہزاروں شہری گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہے ۔ دوسری جانب کے الیکٹرک کے خلاف مظاہرہ کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ ان کے علاقے کی بجلی گھنٹوں گھنٹوں بغیر کسی وجہ سے بند کی جا رہی ہے جب کہ بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کے باوجود انہیں ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث علاقے میں پانی کی فراہمی بھی شدید متاثر ہے ۔متعدد بار واٹر کارپوریشن حکام کو بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ شیڈول سے متعلق آگاہ کرچکے ہیں تاہم ان کی جانب سے بھی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا جارہاہے ۔بعدازاں پولیس اور انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہو گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں