روزگار اسکیمیں ہماری کوتاہیوں کا نتیجہ ہیں ،گورنر سندھ

روزگار اسکیمیں ہماری کوتاہیوں کا نتیجہ ہیں ،گورنر سندھ

کراچی (این این آئی)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے روزگار سہولت پروگرام کے ساتویں مرحلے کی تقریب سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری کوتاہیوں کی وجہ سے آج روزگار اسکیمیں لانا پڑ رہی ہیں۔

 جو کام ریاست یا حکومت کا ہے وہ ہم فردا فردا کر رہے ہیں۔ہر فائل میں اربوں روپے کی کرپشن کی داستانیں چھپی ہوتی ہیں اور شہر کا نوجوان قسطوں پر موٹر سائیکل کے لیے ترس رہا ہوتا ہے ۔جو ملک ہمارے آبا اجداد نے حاصل کیا ہمیں وہاں عزت و وقار کے ساتھ تعلیم اور روزگار چاہیے ۔مرکزی مسلم لیگ کے جذبہ خدمت کو دیکھتے ہوئے ان کے ساتھ چلنے کو تیار ہوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاس میں تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم، کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان، جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے مدیر و مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن مفتی محمد یوسف کشمیری، روزگار سہولت پروگرام کے ڈائریکٹر نعمان علی ودیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر دوسو سے زائد مرد وخواتین کو ان کی درخواستوں کے مطابق آسان اقساط پر روزگار کے لیے اشیا دی گئیں۔ جن میں لوڈر رکشہ، سی این جی رکشہ، موٹرسائیکل، لیپ ٹاپ، موبائل فون، فوڈ اسٹال اور سلائی مشین وغیرہ شامل تھے ۔ فیصل ندیم نے کہا کہ اگر مسائل کے حل کی طرف بڑھیں گے تو عوام کی مشکلات ختم ہوں گی۔ احمد ندیم اعوان نے کہا کہ ہم نے مشکل وقت میں ہمیشہ آگے بڑھ کر لوگوں کی مدد کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں