گورنمنٹ گرلز کالج لاڑکانہ کے لیے بیڈمنٹن چیمپئن بننے کااعزاز
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)محکمہ کھیل اور امور نوجوانان کے صوبائی وزیر سردار محمد بخش مہر اور سیکرٹری عبدالعلیم لاشاری کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ آفیسر اسپورٹس لاڑکانہ محمد محفوظ مکانی کی زیر نگرانی شہر کے کھوڑو اسپورٹس کمپلیکس میں لڑکیوں کے بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے ہوئے۔
جس میں گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج، گورنمنٹ بیگم نصرت بھٹو گرلز ڈگری کالج، زیبسٹ کالج، انسپائرڈ اسکول، الائیڈ پبلک اسکول، سچل پبلک اسکول،آئی آئی یو آئی اسکول کی ٹیموں نے حصہ لیا جہاں سخت مقابلے کے بعد گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج لاڑکانہ نے بیگم نصرت بھٹو گرلز ڈگری کالج لاڑکانہ کی ٹیم کو 2.1 سے شکست دے کر بیڈمنٹن چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کیا، اسی طرح ٹیبل ٹینس کے فائنل میں گورنمنٹ بیگم نصرت بھٹو گرلز ڈگری کالج لاڑکانہ کی ٹیم نے انسپائرڈ اسکول کی ٹیم کو 2.1 سے شکست دے دی ۔اس موقع پر مہمان خصوصی میئر لاڑکانہ ایڈووکیٹ انور علی لہر، اعزازی مہمان ڈسٹرکٹ اٹارنی لاڑکانہ ایڈووکیٹ عبدالنبی ساریو نے ونر اور رنر اپ میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ میچز کے دوران عبدالباری اور زاہد علی نے امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیے ۔اس موقع پر اسپورٹس گورنمنٹ آرٹس اینڈ کامرس کالج لاڑکانہ کے سینئر ڈائریکٹر شفقت حسین لاڑکانہ ، نوجوان کھلاڑیوں اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے مقابلوں سے لطف اٹھایا۔