جیکب آباد میں بیوپاری کے گھر پر ڈکیتی کیخلاف ہڑتال

جیکب آباد میں بیوپاری کے گھر پر ڈکیتی کیخلاف ہڑتال

جیکب آباد،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) جیکب آباد میں بیوپاری کے گھر پر ڈیڑھ کروڑ کی ڈکیتی کے واقعے کے خلاف کریم بخش شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ۔ شرکاء نے پیر کو ایس ایس پی آفس کے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قریب کریم بخش کھوسہ شہر میں مشہور بیوپاری غلام سرور کھوسو کے گھر میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی ڈکیتی کے خلاف مختلف تنظیموں کی جانب سے کریم بخش شہر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی،اس موقع پر سینکڑوں لوگوں نے بدامنی کے خلاف سندھ و بلوچستان کو ملانے والی مانجھی پور روڈ کو بلاک کردیا،جس کے باعث کئی گھنٹوں تک ٹریفک معطل رہی۔اس موقع پر غلام حسین کھوسہ،احسان اللہ خان، ڈاکٹر عاشق حسین اور دیگر نے کہا کہ بیوپاری اور علاقے کی معزز شخصیت غلام سرور کھوسو کے گھر سے راہزن ڈیڑھ کروڑ روپے لے اڑے ،مگر پولیس تاحال ڈاکوؤں کو گرفتار کرنے ناکام ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی نااہلی کے باعث پورا ضلع بدامنی کی لپیٹ میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر دو روز کے اندر ڈکیتوں کو گرفتار کرکے چھینے گئے زیورات اور نقدی واپس نہیں کرائی گئی تو 30 دسمبر کو ایس ایس پی آفس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں