کرم معاملہ: کوہاٹ گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدہ پر دستخط کردیئے

پشاور:(دنیا نیوز) کرم کے معاملے پر کوہاٹ گرینڈ جرگے میں فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیئے۔

کوہاٹ میں ضلع کرم کی صورتحال پر جاری گرینڈ جرگہ ختم ہوگیا ہے اور فریقین نے امن معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں، فریقین معاہدے کے 14نکات پرمتفق ہوئے۔

جرگہ رکن ملک ثواب خان نے تصدیق کی ہےکہ امن معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں، فریقین کی جانب سے45 ،45 افراد نے دستخط کیے ہیں،  معاہدے کے تحت فریقین کےدرمیان سیز فائر کا فیصلہ ہوا ہے، فریقین مورچے ختم اور اسلحہ جمع کرائیں گے۔

جرگہ رکن کا مزید کہنا ہےکہ راستے کھولنے اور قیام امن کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو حکومت کے حوالےکیا جائےگا، امن و امان کو یقینی بنانےکے لیے قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائےگا۔

 معاہدے کے تحت نقصانات کا ازالہ کیا جائےگا اور بڑا اسلحہ حکومتی تحویل میں دیا جائےگا۔

دوسری جانب جرگہ ممبر سید رضا حسین نے بتایا کہ کوہاٹ گرینڈ جرگہ طویل مدت کے بعد فیصلہ کن مرحلے کو پہنچ گیا، دونوں فریقین کے طرف سے دستخط کر دئیے گئے، ایک فریق کی طرف سے 3 دن پہلے دستخط ہوئے تھے ، دوسرے فریق نے بھی دستخط کر دیئے۔

کمشنر کوہاٹ کا کہنا ہےکہ کرم مذاکرات فریقین کے درمیان کامیاب ہوگئے ہیں، تین دستخط رہتے ہیں، باقی دستخط ہوگئے ہیں۔

میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے جرگہ رکن ملک ثواب خان کا کہنا تھا کہ سڑکیں کھولنے سے متعلق حکومت فیصلہ کرے گی، کرم میں حالات معمول پر آنے میں کچھ وقت لگے گا،ایک دو مہینے میں حالات بہتر ہوجائیں گے۔

ملک ثواب خان کا کہنا تھا کہ اہل تشیع کی جانب سےانجمن حسینیہ کی سربراہی میں ارکان نے معاہدے پر دستخط کیے جب کہ اہل سنت کی جانب سےانجمن فاروقیہ کی سربراہی میں ارکان نے دستخط کیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں