ٹھل میں غیرت کے نام پر خاتون اور مرد قتل
جیکب آباد ،اندرون سند ھ (نمائندگان دنیا) جیکب آباد کے باہوکھوسو تھانہ کی حدود گاؤں محراب کھوسہ میں ملزم نے فائرنگ کرکے مسمات پیرانی جکھرانی اور خان مرہٹو کو قتل کردیا۔۔۔
پولیس کے مطابق ملزم نے سیاہ کاری کے الزام میں خاتون اور مرد کو قتل کیا ہے ملزم واقعہ کے بعد فرار ہوگیا ہے ، پولیس نے لاشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثہ کی گئی، تاہم آخری اطلاعات تک ملزم گرفتار نہیں ہوسکا تھا اور نہ واقعہ کا مقدمہ درج ہوسکا تھا۔ دوسری جانب جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے اے سیکشن تھانہ کی حدود اسٹیشن روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے معمر شخص خان محمد بروہی کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے ، ایس ایچ او ایوب ڈوگر کے مطابق قتل میں ملوث ایک ملزم بلاول بنگلانی کو گرفتار کرلیا ہے ، تاہم قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ ٹھل کے علاقے میرپوربرڑو میں پیسوں کے لین دین کے معاملے پر برڑو برادری کے دو گروپوں میں جھگڑا ہوگیا اور لاٹھیوں، اینٹوں کے آزادانہ استعمال کے نتیجے میں ایس ایچ او لیاقت علی سولنگی سمیت 8افراد زخمی ہوگئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ۔ لاڑکانہ کے تھانہ سول لائن کی حدود لاہوری محلے میں مکینوں کی اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر بند مکان سے دو سگے بھائیوں کی لاشیں برآمد کر لیں جن کی شناخت 45 سالہ عبدالحفیظ اور 30 سالہ سیف اﷲ میمن کے نام سے ہوئی ہیں، اس حوالے سے متوفی بھائیوں کے بھائی احسان میمن کا کہنا تھا کہ میرے بھائی عبدالحفیظ اور سیف اﷲ الیکٹریشن تھے جن کی لاشیں بند گھر سے بدبو پھیلنے کے باعث ملی ہیں، اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں بند مکان سے برآمد کرکے ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ اموات کرنٹ لگنے سے ہوئی۔