سینئر مینجمنٹ کورس کی گریجویشن تقریب تقسیم اسناد
کراچی(سٹی ڈیسک)وفاقی اور صوبائی سول بیوروکریسی کے 39 افسران نے 36واں سینئر مینجمنٹ کورس مکمل کرلیا، اس سلسلے میں نیپا میں تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سی ای او بینک آف پنجاب ظفر مسعود تھے ۔
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ظفر مسعود نے کہا کہ ملک کیلئے خدمات انجام دینے پر آپ تمام افسران لائقِ تحسین ہیں، سول سروس کیلئے کام کرنا جہاد بن چکا ہے ۔مینجمنٹ کورس کے نصاب کو عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بینک آف پنجاب نیپا میں کورس کیلئے آنے والے افسران کی سہولت کیلئے اے ٹی ایم مشین نصب کرے گا۔ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر سیف الرحمان نے جدت طرازی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سول سرونٹس خود کو مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) سے روشناس کریں، ہم عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہیں، ہمیں اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو عوام کی خدمت کیلئے استعمال کرنا چاہیے ۔قبل ازیں نیپا کے چیف انسٹرکٹر خالق شیخ نے 36 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے افسران کی تربیت کیلئے ماہرین کو یہاں مدعو کیا، علاوہ ازیں کورس کے شرکا نے پاکستان رینجرز سندھ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جبکہ چیف سیکرٹری سندھ، ملائیشیا اور ترکیہ کے قونصل جنرلز سے ملاقاتیں بھی کیں۔اس موقع پر تمام مقررین نے نیپا کی سابق چیف انسٹرکٹر ثمینہ انتظار سے 30 سالہ سروس کے اختتام پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔