میرپور خاص :نئے کینالزکے خلاف ایس یوپی کی بھوک ہڑتال

میرپور خاص :نئے کینالزکے خلاف ایس یوپی کی بھوک ہڑتال

میرپورخاص ،جیکب آباد (بیورو رپورٹ، نمائندہ دنیا) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جانب سے دریائے سندھ سے 6 کینالز نکالنے کے خلاف پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کردیا گیا۔

 ایک روزہ کیمپ کے شرکا سے خطاب میں ایس یوپی کے رہنماؤں آفتاب قریشی راجہ عبدالحق لالا اظہار پٹھان اور دیگر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سندھ کو بنجر کرنا چاہتی ہے ، پی پی اور ن لیگ سمیت حکومت کے تمام اتحادیوں نے مل کر سندھ کے لوگوں کو معاشی ،زرعی طور پر تباہ کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے ، جسے ہم قبول نہیں کرینگے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ آج پیپلز پارٹی سیاسی طور پر اس معاملے سے پیچھے ہٹ رہی ہے ،کالا باغ ڈیم آج تک نہیں بن سکا ،اسی طرح یہ منصوبہ بھی ناکام ہوگا ، اس کے خلاف ہماری جہدوجہد جاری رہے گی ۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں سیاسی سماجی رہنماؤں ، وکلا ، قوم پرست رہنماؤں نے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے کارکنوں کے ہمراہ شرکت کی۔ جیکب آباد میں پی پی شہید بھٹو کے تحت دریائے سندھ سے کینالز نکالنے کے لیے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا۔ احتجاج کی قیادت پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے رہنماؤں ندیم قریشی، نور محمد منجھو، بابل کوریجو نے کی ۔ مظاہرین نے جلوس نکال کر شہر میں مارچ کیا اور نعریبازی کی اور پریس کلب کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دریائے سندھ سے 6 کینال نکالنے کا منصوبہ سندھ کو بنجر بنانے کی سازش ہے ، سندھ میں پہلے ہی پانی کی قلت ہے ، مزید کینال نکال کر عوام کو معاشی طور پر قتل کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھی عوام کسی صورت کینال نکالنے نہیں دیں گے ، کینالوں کا منصوبہ ختم کرکے سندھ کے عوام میں پھیلی بے چینی کو دور کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں