متبادل راستوں کے باوجود ٹریفک جام ،عوام رل گئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی میں مذہبی جماعت کا دھرنا جاری ہے ، احتجاج کے باعث ٹریفک معطل رہی ،پولیس اور انتظامیہ متبادل راستوں کے باجود ٹریفک جام کا مسئلہ حل کرنے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے ۔
اتوار کو تعطیل کے باوجود سڑکوں پر ٹریفک جام میں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں۔شدید سردی میں سفر کرنے والی خواتین اور بچوں کو سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین کا احتجاجی دھرنا چھٹے روز بھی جاری رہا۔ دھرنے سے اظہار یکجہتی کیلئے ملی یکجہتی کونسل کے وفد سمیت مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ شہدائے پاراچنار کیلئے فاتحہ خوانی،دعائیہ اجتماع، مجالس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔دھرنے سے خطاب میں علامہ حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ احتجاج ہمارا قانونی و آئینی حق ہے اس سے ہمیں کوئی روک نہیں سکتا۔ ضلع کرم گزشتہ کئی سالوں سے دہشتگردی کا نشانہ بن رہا ہے وفاقی و صوبائی حکومت سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے آخر کب امن قائم کریں گے ۔ ظالم کی مخالفت اور مظلوم کی حمایت میں کسی تفریق کا شکار نہیں۔ہمیشہ ہر سانحہ پر دنیا بھر میں مظلوموں کی حمایت کرتے ہیں ہمارے احتجاج میں مختلف رنگ و نسل مذہب و مسلک کے لوگ اظہار یکجہتی کرنے کیلئے ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہمارا احتجاج سیاسی نہیں ظلم کے خلاف ہے ۔