سال 2024:پانی چوروں کے خلاف 2 ہزار سے زائد آپریشن
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں سال 2024 کے دوران پانی مافیا کے خلاف کراچی واٹر کارپوریشن متحرک رہا ۔شہر میں رواں برس پانی چوروں کے خلاف 2ہزار سے زائد آپریشن کیے گئے ۔۔۔
سب سے زیادہ کارروائیاں ضلع غربی کے علاقوں میں کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پانی مافیا پر سال 2024 بھاری گزرا ،شہر میں عرصہ دراز سے فعال مضبوط پانی مافیا سرکاری ریڈار پر آیا ،شہر میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے پاکستان رینجرز سندھ کی مدد سے پانی چوروں کے خلاف 2ہزار سے زائد آپریشن کئے ۔ ضلع غربی کے منگھوپیر ڈویژن میں تقریباً 300 چھوٹے بڑے غیر قانونی ہائیڈرنٹس مسمار کئے گئے ۔کٹی پہاڑی کے پیچھے والے علاقے میں جہاں واٹر کارپوریشن کی لائنوں سے دھڑلے کے ساتھ پانی کی چوری کی جاتی تھی وہاں بھی رینجرز کی موجودگی کے بعد تابڑ توڑ ایکشن کئے گئے ۔ لیاری ایکسپریس کے نیچے طاقتور پانی مافیا کا قائم اربوں روپے کی پانی چوری کا بڑا نیٹ ورک ختم کیا گیا۔اینٹی تھیفٹ سیل واٹر کارپوریشن نے سندھ رینجرز کے ہمراہ پانی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو مسمار کردیا اور 15 واٹر ٹینکرز اور 9 ٹریکٹر ٹرالیاں قبضے میں لے لی گئیں ۔ مشترکہ آپریشن منگھو پیر چکرا گوٹھ کورنگی حب کینال اور الطاف نگر ناردرن بائی پاس کے اطراف میں کیا گیا۔ غیر قانونی ہائیڈرنٹ سے منسلک 48 اور 33 کی لائنوں کو بھی مکمل طور پر منقطع کیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سی ای اوواٹر کارپوریشن سید صلاح الدین احمد نے بتایا کہ پانی چوروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئی ہیں،2ہزار آپریشن کئے گئے ہیں۔1100پانی کے غیر قانونی کنکشنز کاٹے گئے ہیں۔200ملزمان کوگرفتار کرواکے ان کے خلاف پانی چوری کے مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔