لیاری ایکسپریس وے انتظامیہ کی لاپروائی کی نذر،کچرے کے باعث سنگین حادثات کے خدشات
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سہراب گوٹھ سے ماڑی پور تک شہر قائد کی اہم شاہراہ لیاری ایکسپریس وے ’’لاوارث ایکسپریس وے ‘‘بن گئی۔
انتظامی غفلت کی وجہ سے ایکسپریس وے پر پھینکے جانے والے کچرے سے سنگین حادثات کے خدشات بڑھ گئے ،موٹر وے پولیس کی جانب سے کی جانے والی نشاندہی کو بلدیاتی اور شہری انتظامیہ نے ردی کی ٹوکری کی نذر کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق لیاری ایکسپریس وے کے اطراف قائم کباڑ خانوں ، کارخانوں اور رہائشی آبادی کی جانب سے ٹریک پر کچرا پھینکا جارہا ہے ۔ ٹریک کے کنارے بھی بعض جگہ کچرا پڑا رہتا ہے ۔بعض مکانوں کی بالائی منزلوں سے کچرا براہ راست باہر کی جانب پھینکا جاتا ہے جو اڑ کر ٹریک پر آ جاتا ہے ۔ٹریک کے اطراف جگہ جگہ کچرا کنڈیاں قائم ہورہی ہیں، جہاں جمع ہونے والے کچرے کو آگ لگادی جاتی ہے ، جس سے ٹریک پر دھواں پھیل جاتا ہے اور حد نگاہ کم ہوجاتی ہے ۔ شیرشاہ، لیاری، پرانا گولیمار، لیاقت آباد، غریب آباد کی متصل آبادیوں سے گزرنے والے ٹریک پر جگہ جگہ باڑے قائم ہیں، جو تعفن اور گندگی کا سبب بن رہے ہیں، کچرے میں شامل پلاسٹک بیگز فضا میں اڑتے دکھائی دیتے ہیں ، جو اکثر اوقات تیز رفتار گاڑیوں کی ونڈ اسکرین سے چپک جاتے ہیں۔ شہریوں نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی،ڈی جی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کمشنر کراچی و دیگر حکام سے اپیل کی کہ لیاری ایکسپریس وے پر توجہ دی جائے ،یہاں سفر کرنے والے بھاری ٹول ٹیکس ادا کرتے ہیں، اس لیے اسے لاوارث نہ چھوڑا جائے ۔