سال نوپرہوائی فائرنگ پرقتل کا مقدمہ ہوگا،پولیس چیف

سال نوپرہوائی فائرنگ پرقتل کا مقدمہ ہوگا،پولیس چیف

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ نیو ایئر پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدام قتل کا پرچہ درج کریں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل ، شریف آباد میں مختلف علاقوں سے چوری و چھینی گئی قیمتی گاڑیوں کی برآمدگی کے بعد اصل مالکان کے سپرد کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس 38 سے زائد لوگ ہوائی فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے ، ہوائی فائرنگ کسی صورت برداشت نہیں کریں گے ، جو ہوائی فائرنگ کرے گا شہری نشاندہی کریں ہم سرکارکی مدعیت میں مقدمہ کریں گے ، کوشش کریں گے اس کی ضمانت نہ ہو اور ایسے شخص کا لائسنس بھی منسوخ کرائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس میں احتساب کا ایک نظام ہے ، کسی افسر یا اہلکار کو اختیارات سے تجاوز کی اجازت نہیں، جو بھی اختیارات سے تجاوز کرے گا اسے معطلی یا ملازمت سے فارغ ہونا پڑے گا۔کراچی پورے ملک کا اکنامک حب ہے لیکن بدقسمتی سے یہ شہر پورے ملک کے جرائم پیشہ افراد کو بھی اٹریکٹ کرتا ہے ، پچھلے سال کے مقابلے میں اسٹریٹ کرائم 24 فیصد سے کم ہوکر 16 فیصد رہا، موٹر سائیکل اور گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں کم ہوئیں، پولیس کارکردگی بھی پچھلے سال کے مقابلے میں بہتر ہوئی۔ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ دسمبر کا مہینہ کارکردگی کے اعتبار سب سے بہترین رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں