پارا چنار کی صورتحال پر لاڑکانہ میں شیعہ تنظیموں کااحتجاج
لاڑکانہ(بیورورپورٹ)لاڑکانہ میں پارا چنار کی صورتحال پر مختلف شیعہ تنظیموں کی جانب سے شہر کے جعفری امام بارگاہ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکال کر دھرنا دیا گیا ۔۔
جہاں مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا کر شدید نعرے بازی بھی کی اس موقع پر جعفری امام بارگاہ، شہزاد علی اصغر امام بارگاہ، امام بارگاہ اصغریہ سماں، انجمن دربتول، انجمن چاردہ معصومین امام بارگاہ کے منتظمین اور دیگر رہنماؤں جواد جعفری، فراز جعفری، مولوی عمران علی چانڈیو، نسیم علی کلہوڑو، نظام علی سموں اور دیگر نے کہا کہ تین ماہ قبل پاراچنار میں ملک دشمن عناصر نے حملہ کر کے 100 سے زائد بے گناہ شہریوں کو شہید کرکے متعدد مرد، خواتین اور معصوم بچوں کو زخمی کیامگر واقعے میں ملوث ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکے اور نہ ہی شہداء کے خون کے ساتھ انصاف کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعے کے بعد پارا چنار کی تمام سڑکیں مکمل طور پر بند ہیں جس کی وجہ سے وہاں کے رہائشیوں کو ادویات، خوراک، گرم کپڑوں اور دیگر اشیاء کی قلت کا سامنا ہے ، لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اب تک کوئی اقدامات نہیں کیے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارا چنار کی بلاک شدہ سڑکوں کو کھولا جائے ،ادویات، خوراک، گرم کپڑوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔