کوٹری:گھریلو تنازعے پرجھگڑا،دو خواتین سمیت 3جاں بحق
کوٹری (نمائندہ دنیا) کوٹری میں گھریلو تنازعے پر دو گروہوں میں تصادم کے دوران فائرنگ سے دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے ۔
پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کوٹری کے علاقے مسلم ٹاؤن میں چانڈیو برادری کے دو گروپوں میں فائرنگ سے دو خواتین سمیت تین افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے ۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے پہنچ کر لاشیں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوٹری منتقل کیا۔پولیس کے مطابق مقتول خواتین کی شناخت حاکم زادی زوجہ سکندر اور صدروری زوجہ قربان علی اور احسان علی کے نام سے ہوئی ۔زخمیوں میں سے دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جن کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیاگیا ۔ علاوہ ازیں روہڑی کے گاؤں عبدالصمد پہنوار میں بھینسیں چوری کی واردات کے دوران مالکان اور چوروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں گھر کے مالک کا بیٹا چل بسا جب کہ پانچ افراد زخمی بھی ہوگئے ۔دوسری جانب چوروں کی فائرنگ سے ان کا ساتھی مارا گیا اور دو چور زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے ۔اطلاعات کے مطابق روہڑی کے قریب گوٹھ عبدالصمد پہنوار میں نا معلوم چوروں کے ٹولے نے امان اللہ پہنوار کے گھر میں گھس کر بھینسیں چوری کرنے کی کوشش کی تو اہلخانہ بیدار ہوگئے اور چوروں ،ملزموں میں فائرنگ کاتبادلہ ہوگیا جس کے نتیجے میں چوروں کی فائرنگ سے گھر کے مالک کا بیٹا 35 سالہ غلام اکبر موقع پر جاں بحق ہوگیا جب کہ اختر پہنوار ،اصغر پہنوار، امان اللہ پہنوار ، رانوپہنوار ، شہمیر پہنوار زخمی ہو گئے ۔دوسری جانب چوروں کی فائرنگ سے ان کا ساتھی عارف مارا گیا ، اس دوران چور ساتھی کی لاش اٹھانے کے لئے آئے تو مالکان نے دو چوروں عاقل ولد نور محمد جاگیرانی گلاب ولد میر خان جاگیرانی کو پکڑ کر باندھ دیا اور بعدازاں پولیس کے پہنچنے پر ان کے حوالے کردیا۔