ڈی ایچ کیو اسپتال میں ٹراما سینٹر کیلئے پلان بنانے کی ہدایت
میرپورماتھیلو(نمائندہ دنیا )میرپور ماتھیلو ڈی ایچ کیو اسپتال کو جدید طبی آلات سے آراستہ کریں گے ، کوشش ہے کہ جگر کے ٹرانسپلانٹ کی سہولت ڈی ایچ کیو اسپتال میں فراہم کردی جائے ۔
حکومت سندھ کے مقرر کردہ چیئرمین پٹرولیم سوشل ڈیولپمنٹ کمیٹی ضلع گھوٹکی عبدالباری خان پتافی نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں پٹر ولیم سوشل ڈیولپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے دوران انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں ٹراما سینٹر قائم کرنے کے لئے پلان تیار کیا جائے ، ہم چاہتے ہیں کہ مستقبل میں چھوٹے چھوٹے ترقیاتی کاموں کے بجائے بڑے کام کریں ۔ انہوں کہا کہ ماضی میں کمیٹی نے جو بھی ترقیاتی کام کرائے ان کا جائزہ لیا جائے گا، معیاری کام ہوں گے تو کنٹریکٹرز کو بل بھی ملیں گے ، بصورت دیگر ان کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا ۔ انکا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی مقصد یہی ہے کہ فنڈز ایمانداری کے ساتھ عوام پر لگنا چاہیے جبکہ صحت اور تعلیم پرخصوصی توجہ رکھنی چاہیے ، یہی وجہ ہے کہ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، اگر کام معیاری ہوں گے تو بل بھی پاس ہوں گے ورنہ کوتاہی برتنے والے کنٹریکٹرز کو بلیک لسٹ کریں گے ، ہم ایسے کام نہیں چاہتے کہ آر او پلانٹ بنادیں مگر فعال نہ کریں، عمارتین بنادیں مگر ایس این ای منظور نہ ہوسکے ، ہسپتالوں کو مشینری فراہم کریں مگر استعمال کرنے والا کوئی نہ ہو ،اس طرح ہوگا تو ایسی اسکیمیں عوام کے لئے بے سود ہوں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے ڈہرکی کے لئے 66 کروڑ کی ڈرینج اسکیم منظور کی مگر کئی سال گز رنے کے باوجود متعلقہ افسران کی سستی کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکی لیکن اب ایسی سستی قابل قبول نہیں ہوگی۔