نیا سال بھی شہریوں کیلئے امید افزا نہیں،سیف الدین

نیا سال بھی شہریوں کیلئے امید افزا نہیں،سیف الدین

کراچی(آن لائن)سال 2024 سندھ حکومت اور کے ایم سی کی کارکردگی کے حوالے سے کراچی کے شہریوں کے لیے نہایت مایوس کن رہا۔ 2025میں بھی صورتحال کراچی کے شہریوں کے لیے امید افزا نہیں ہے ۔۔۔

سندھ حکومت اور کے ایم سی کے زیر اہتمام محکموں سے شہریوں کو کوئی ریلیف نہیں ملا۔کرپشن، نا اہلی، تعصب، اور ناقص کاموں پر وائٹ پیپر جاری کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار کے ایم سی میں اپوزیشن لیڈرسیف الدین ایڈووکیٹ نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر مبشر حافظ الحق حسن زئی، جماعت اسلامی پارلیمانی پارٹی کے ڈپٹی لیڈر قاضی صدر الدین، کونسل میں ورکس کے انچارج فرمان، کوآر ڈی نیٹر اپوزیشن لیڈر نعمان الیاس، اسپورٹس اور یوتھ کے امور کے انچارج تیمور احمد، ممبر کونسل اسامہ احمد اور دیگر شریک ہوئے ۔سیف الدین ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ گزشہ سال شہر میں جرائم کی ریکارڈ وارداتیں ہوئیں، 109کے قریب شہری لوٹ مار کی وارداتوں کے دوران اپنی جان سے گئے ، سندھ کے تمام محکموں بالخصوص بلدیاتی اداروں میں بدترین کرپشن کا راج رہا اور وزارت بلدیات تمام عرصے میں اپنی پسندکے نااہل اور کرپٹ افسران کے کے ایم سی، ٹاؤنز اور یوسیز میں تقرر میں مصروف رہی جس کی وجہ سے منتخب نمائندوں کے لیے مسائل میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے بڑے مسائل سڑکیں، پانی کی فراہمی، سیوریج کے نظام کی بحالی، کچرا صفائی میں سندھ حکومت اور کے ایم سی مکمل ناکام رہی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں