پیپلزپارٹی انسانی حقوق کی علمبردار جماعت،راجویرسنگھ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق راجویرسنگھ سوڈھا نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں انسانی حقوق کی علمبردار جماعت ہے ۔۔۔
حکومتِ سندھ حقوقِ انسانی کی خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں سینٹر فار پیس اینڈ ڈولپمنٹ انیشیئٹوز (سی پی ڈی آئی)کے زیرِ اہتمام انسانی حقوق بالخصوص صنفی بنیادوں پر ہونے والے تشدد کی روکتھام کے حوالے سے منعقد آگہی ورکشاپ میں بطورِ مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ راجویر سنگھ سوڈھا نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کی روشنی میں حکومتِ سندھ نے خواتین کے خلاف تشدد اور صنفی امتیاز کی روک تھام کے لیے نمایاں قانون سازی کی ہے ، جن میں گھریلو تشدد کی روک تھام اور تحفظ ایکٹ 2013، خواتین کو کام کی جگہوں پر ہراساں کیے جانے سے تحفظ ایکٹ 2010، اور چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2013 شامل ہیں۔ راجویر سنگھ سوڈھا نے کہا کہ ان کی قیادت میں صوبائی محکمہ انسانی حقوق نیا سال اور نیا عزم کے تحت صوبہ بھر میں انسانی حقوق کے متعلق آگہی دینے کے حوالے سے ایک وسیع تر مہم کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ صوبہ میں بین الادارتی مکینزم کو مزید موثر بنانے کے لیے بھی جاری کام کو تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے میرپورخاص ڈویژن، بالخصوص تھرپارکر اور عمرکوٹ کے اضلاع میں خواتین اور نوجوانوں کی خودکشی کے واقعات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور زور دیا کہ اس افسوسناک رجحان کی روکتھام کے لیے حکومت اور سول سوسائٹی کو مِل کر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ تقریب میں، سندھ ہیومن رائیٹس کمیشن کے چیئرمین اقبال ڈیتھو اور دیگر سماجی تنظیموں کے مندوبین بھی شریک تھے ۔