حادثات میں بڑھتی اموات :جماعت اسلامی کا احتجاج کا اعلان

حادثات میں بڑھتی اموات :جماعت اسلامی کا احتجاج کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی، منعم ظفر خان نے شہر میں ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے بڑھتی اموات اور دیگر شہری مسائل پر ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈمپر،ٹینکرز اور ہیوی ٹریفک کے باعث حادثات محض انتظامی یا سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہے ۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلے کو انتظامی مسئلہ قرار دینے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کریں اور شہریوں کو خونیں ڈمپر و ٹینکرز سے تحفظ فراہم کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہیوی ٹریفک کے اوقات کی خلاف ورزی، حادثات اور اموات میں اضافہ سندھ حکومت اور محکمہ پولیس کی نااہلی، کرپشن اور مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے ، جس کا براہ راست خمیازہ کراچی کے شہری انسانی جانوں کے ضیاع کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ 21 فروری کو کراچی کے 15 مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔ احتجاجی مظاہرے نیشنل ہائی وے ، سپر ہائی وے ، حب ریور روڈ، شاہراہ پاکستان، یونیورسٹی روڈ، شاہراہ اورنگی، شاہراہ کورنگی، لیاقت آباد نمبر 10 سمیت دیگر مقامات پر ہوں گے ۔منعم ظفر خان نے کہا کہ ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء کو فی کس ایک کروڑ روپے زرِ تلافی دیا جائے ۔سندھ حکومت اور محکمہ پولیس ٹریفک قوانین، ہیوی ٹریفک کے اوقات، روڈ سیفٹی ایکٹ، موٹر وہیکل لاء، ڈرائیونگ لائسنس اور حد رفتار کی پابندی یقینی بنائے ۔لیاری ایکسپریس وے کا ٹول ٹیکس دوبارہ 30 روپے کیا جائے ۔ہیوی ٹریفک کو شاہراہ پاکستان سے ہٹا کر نادرن بائی پاس پر منتقل کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں